کراچی:لیاری میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے 4افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

اپ ڈیٹ 08 جون 2020 10:39am
فائل فوٹو

کراچی کے علاقے لیاری میں گرنے والی5منزلہ عمارت کے ملبے سے 4افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ،ریسکیو آپریشن  جاری ہے جبکہ علاقے ایک اور 5منزلہ مخدوش عمارت کے گرنے کا خطرہ ہے۔

 لیاری کھڈا مارکیٹ میں گزشتہ روز پانچ منزلہ عمارت گرنے سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی ، مکین اپنی جانیں بچانے کیلئے  ادھر ادھر بھاگتے ہوئے نظر آئے ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کا عملہ جائے وقوع پہنچا اور  امدادی کارروائیاں شروع کردیں، گرنے والی عمارت کے ملبے  سے 4افراد کی لاشوں کو نکالا گیا ہے جن میں 2خواتین، ایک  مرد اور ایک بچے کی لاش شامل ہے، مزید کئی افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علاقہ مکینوں انتظامیہ پر برس پڑے ، ان کا کہنا تھا بلڈر مافیا بہت مضبوط ہے ان کیخلاف کوئی کارروائی کرنے والا نہیں، علاقے میں دو منزلہ عمارت کی اجازت ہے لیکن  6،6منزلہ عمارتیں تعمیر کرائی گئی ہیں۔

گرنے والی5منزلہ عمارت 400گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی جس پر مزید پینٹ ہاوس بھی تعمیر کیا جا رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آگیا جبکہ علاقے مزید ایسی اور بھی عمارتیں قائم ہیں جس میں سے ایک  فاطمہ بائی نامی5منزلہ عمارت بھی شامل ہے جس کے پلرز بھی مخدوش ہوچکے ہیں جس کے کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے۔

عمارت کے ملبے سے لوگوں کو نکالنے کیلئے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، آپریشن میں پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور ریسکیو  کا عملہ شریک ہے،عمارت سے متصل گلی کو سیکیورٹی اداروں نے  سیل کردیا ۔